کارکلا 26/نومبر (ایس او نیوز) کارکلا میں بیلمان علاقے میں اسٹیٹ ہائی وے پر ٹول گیٹ تعمیر کرنے کے لئے خفیہ طور پر سروے کیے جانے کی اطلاع جب ملی تو مقامی عوام نے اس کے خلاف اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ اگر اس مقام پر ٹول گیٹ قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی تو پھر عوام قانون اپنے ہاتھ میں لینے اور پرتشدد احتجاج کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
بیلمان میں ٹول گیٹ کی مخالفت کے لئے قائم کی گئی کمیٹی نے اس سلسلے میں ایک عوامی اجلاس منعقد کیا اور کہا کہ ”کسی بھی قیمت پر یہاں ٹول گیٹ تعمیر کرنے نہیں دیا جائے گا۔ اور اگر متعلقہ افسران نے ہمارے مطالبے پر دھیان نہیں دیا تو پھر پرتشدد احتجاج کا راستہ اپنا یا جائے گا۔اس لئے عوام کا غصہ پھوٹ پڑنے سے پہلے حکومت کو اپنا ارادہ بدل دینا ہوگا۔“
ضلع پنچایت رکن ریشما اودئے شیٹی نے کہا ایم ایل اے اور ڈسٹرکٹ انچارج وزیر وغیرہ سے ملاقات کرکے انہیں میمورنڈم دیا جائے گا اور مطالبہ کیا جائے گا کہ کارکلا پڈو بیدری اسٹیٹ ہائی وے پر ٹول وصولی کے لئے گیٹ تعمیر نہ کیے جائیں۔عوامی میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ ڈپٹی کمشنر اور دیگر منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کرنے کے علاوہ قانونی طور پر بھی اس کے خلاف قدم اٹھائے جائیں۔
میٹنگ میں حاضر گاؤں کے لوگوں نے کہا کہ اگر ٹول گیٹ تعمیر کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ لوگ سڑک پر لیٹ جائیں گے اور اس کے بعد جو کچھ بھی ہوگا اس کے لئے ریاستی حکومت پوری طرح ذمہ دار ہوگی۔ہم کسی کو بھی کو خفیہ طور پر سروے کرنے یا پتھروں کے لوڈ خالی کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔